• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں مسلسل نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی ہو رہی ہے، جبکہ اس سے شفایاب ہونے والے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12ویں سے 13 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 903 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 27 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 46 مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 305 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 5 ہزار 951 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 25 ہزار 177 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 146 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 2 لاکھ 47 ہزار 177 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔


سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 20 ہزار 550 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 209 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 92 ہزار 873 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 140 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 33 ہزار 958 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 194 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 14 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 165 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وبائی مرض کی آفت میں ’’قربانی‘‘ کا حکم

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 11 ہزار 732 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 136 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 2 ہزار 105 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 53 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 73 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 54 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 507 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 19 لاکھ 73 ہزار 237 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین