انسان کو خوشی محسوس کروانے کے لیے ڈوپامائن، اینڈورفنز، سیروٹونن اور آکسیٹاسن نامی ہارمونز کردار ادا کرتے ہیں جن کی قدرتی طور پر کارکردگی بڑھا کر خوش اور ذہنی طور پر صحت مند رہا جا سکتا ہے ۔
ڈوپامائن، اینڈورفنز ، سیرٹونن اور آکسیٹاسن خوشی کے ہارمونز کہلاتے ہیں۔
ڈوپامائن کا انسانی جسم میں اس وقت اخراج ہوتا ہے جب کوئی اہم کام مکمل کر لیا جائے، یہ انعام کی صورت میں خارج ہوتا ہے اور انسان کو ٹاسک مکمل کرنے کی خوشی منانے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔
اینڈورفنز ہارمون درد کی شدت کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے ، اسے پین کلر ہارمون بھی کہا جاتا ہے ، یہ ہارمون دوران ورزش یا کوئی مزاحیہ پروگرام ، فلم اور ڈرامہ دیکھتے ہوئے ریلیز ہوتا ہے اور انسانی ذہنی پریشانی اور دباؤ بھلا دیتا ہے ۔
آکسیٹاسن محبت کا احسا س جگانے والا ہارمون ہے ، یہ اُس وقت خارج ہوتا ہے جب آپ اپنے پالتو جانور سے پیار کرتے ہیں ، یا اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں یا اپنے پسندیدہ انسان کا ہاتھ تھامتے ہیں۔
سیروٹونین ہارمون موڈ کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتا ہے ، اس کا اخراج چہل قدمی، قدرتی نظاروں سے قریب ہونے، یوگا، مراقبہ، سوئمنگ یا سائیکلنگ کے دوران ہوتا ہے ۔
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ جب انسانی جسم ڈوپامائن ، اینڈورفنز ، آکسیٹاسن اور سیروٹونن جاری کرتا ہے تو کیسا محسوس ہوتا ہے ۔
ڈوپامائن
ڈوپامائن انسان میں خود کے لیے محبت کا احساس اور خوشی جگاتا ہے، یہ ہارمون آپ کے دماغی نظام کا ایک اہم حصہ ہے جو آپ کو محسوس کرواتا ہے کہ آپ نے ایک اہم کام مکمل کر لیا اب اب خود کو کوئی تحفہ دیں ۔
خود کی نگہداشت کی کرنا، من پسند غذا کھانا، چھوٹی چھوٹی فتوحات کا جشن منانا اور کوئی بڑا اہم کام مکمل کرنے کے نتیجے میں ڈوپامائن ہارمون کا اخراج ہوتا ہے ۔
سیروٹونن
یہ ہارمون رویہ، موڈ بہتر بنانے، پر سکون نیند، بھوک لگنے، نظام ہاضمہ اور یادداشت بہتر بنانے اور سیکھنے کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
قدرتی طور پر اس ہارمون کے اخراج کے لیے مراقبہ کرنا، قدرتی خوبصورت جگہوں میں چہل قدمی کرنا اور دھوپ سیکنا مفید ہے ۔
آکسیٹاسن
آکسیٹاسن ہارمون پیار کا احساس جگاتا ہے، آکسیٹاسن ہارمون بچے کی پیدائش کے دوران، دودھ پلانے والی ماؤں اور والدین کا اپنے بچوں کے ساتھ مضبوط رشتہ بنانے کے لیے اہم ہارمون ہے، آکسیٹاسن ہارمون رشتوں کی اہمیت کا احساس جگاتا ہے اور ان میں اعتماد اور ہمدردی پیدا کرتا ہے ۔
آکسیٹاسن ہارمون بچوں کھیلنے اور اُن کی دیکھ بھال کرنے، اپنے پالتو جانور سے کھیلنے، خاندان اور اپنے پیاروں کو وقت دینے کے دوران خارج ہوتا ہے ۔
اینڈورفنز
اینڈورفنز ہارمون قدرتی طور پر درد کا احساس کم کرتا ہے اور ذہنی دباؤ اور پریشانیوں کو بھلانے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔
اینڈورفنز ہارمون چاکلیٹ کھانے ، ورزش کر کے اور کوئی مزاحیہ پروگرام دیکھنے سے خارج ہوتا ہے ۔
خوشی محسوس کرنے کے لیے مندرجہ بالا ہارمونز کا قدرتی طور اخراج کیسے ممکن بنایا جائے ؟
قدرتی طور پر خود کو خوش رکھنے کے لیے اور ان ہارمونز کے اخراج کے لیے قدرت کے قریب رہیں، گھر سے باہر کسی پارک میں چہل قدمی کریں ۔
طبی ماہرین کی تجویز کے مطابق ورزش کو اپنا معمول بنالیں ، ورزش ذہنی دباؤ کم کرتی ہے، مجموعی صحت بہتر بناتی ہے اور وزن میں کمی کا باعث بھی بنتی ہے ۔
روزانہ کچھ نیا اور دوسروں کے لیے کچھ مثبت کرنے کی کوشش کریں ، کھانا بنائیں ، اپنے گھر کی صفائی میں حصہ لیں ، اپنے من پسند کاموں کے لیے وقت نکالیں اور انہیں انجام دیں۔
موسیقی بھی خوشی محسوس کروانے والے ہارمونز کے اخراج میں کردار ادا کرتی ہے ، دن یں کچھ وقت اپنی من پسند پلے لسٹ کے لیے ضرور نکالیں ۔
بھر پور پر سکون نیند لیں ، اپنی نیند کا دورانیہ کم سے کم 6 اور زیادہ سے زیادہ 8 گھنٹے رکھیں ، بھر پور نیند لینے سے ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے اور جسمانی صحت بھی اچھی ہوتی ہے ۔
خود پریشانیوں اور ذہنی دباؤ سے بچائیں ۔