بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے باورچی کا سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی سے متعلق کہنا ہے کہ وہ کالا جادو کیا کرتی تھیں اور سوشانت ریا کی بہت زیادہ سنتے تھے۔
اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو اپنے اپارٹمنٹ میں خود کشی کر لی تھی جس کے بعد سے تا حال اُن کی خودکشی کے معمے کو سلجھانے کے لیے ممبئی پولیس سر گرم نظر آ رہی ہے اور اسی سلسلے میں سوشانت سنگھ سے جڑے ہر فرد کا بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔
سوشانت سنگھ کے باورچی نیرج سنگھ نے بھی اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا ہے جبکہ حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران نیرج سنگھ نے کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں ۔
نیرج سنگھ کا بھارتی میڈیا ’زی‘ کو انٹرویو کے دوران پرانی باتیں یاد کرتے ہوئے بتانا تھا کہ ’سوشانت سنگھ کے اپارٹمنٹس کی کبھی کبھار نا صرف لائٹس اچانک بند ہوجایا کرتی تھیں بلکہ الیکٹرک لفٹس بھی اچانک ہی رک جاتی تھیں اور جب سوشانت کو ان واقعات سے خوف محسوس ہوتا تھا تو انہیں بھی کمرے میں اپنے ساتھ سونے کو کہا کرتے تھے۔‘
نیرج کا مزید کہنا تھا کہ ’سوشانت اور ریا کے یورپ ٹرپ سے آنے کے بعد سے بہت کچھ بدل گیا تھا اور سوشانت پریشان تھے، وہ بہت دباؤ میں نظر آتے تھے اور ریا سوشانت کو دوا کھلایا کرتی تھیں، ریا سوشانت کی خودکشی کے آخری مہینوں میں سوشانت کو کسی سے ملنے بھی نہیں دیا کرتی تھیں حتیٰ کہ ڈاکٹر بھی گھر آیا کرتا تھا، ریا کا کہنا تھاکہ سوشانت لوگوں سے مل کر پریشان ہو جاتا ہے ۔‘
سوشانت کے باورچی نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’سوشانت ریا سے بہت زیادہ قریب تھے اور ریا کے گھر چھوڑ جانے پر ذہنی دباؤ کا شکار تھے، سوشانت نے آخری بار پارٹی 2019ء میں کی تھی جس میں ریا چکروتی کے بھائی اور سوشانت کے بزنس پارٹنر شومک چکروتی بھی موجود تھے۔‘