• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشانت کے والد کی ریحاچکربورتی کے خلاف ایف آئی آر، سنگین الزامات

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کے کے سنگھ نے سوشانت کی گرل فرینڈ ریحا چکربورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے، جس میں سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پٹنہ (بہار) پولیس کی ایک چار رکنی ٹیم ممبئی روانہ ہوگئی ہے،  جہاں وہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کی تفتیش کے حوالے سے اداکارہ ریحا چکرابورتی اور ان کے خاندان کے چار افراد سے سوالات کرے گی۔ 

بھارتی پولیس کے سینٹرل رینج کے انسپکٹر جنرل سنجے کمار سنگھ نے بتایا ہے کہ  آنجہانی سوشانت سنگھ کے والد کے کے سنگھ نے (جو کہ ایک ریٹائرڈ سرکاری افسر ہیں)، گزشتہ روز ہی ریاست بہار کے صدر مقام پٹنہ کے راجیونگر پولیس اسٹیشن میں ریحا چکربورتی اور ان کے  خاندان کے چار افراد کے خلاف تعزیرات  ہند کے مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کروایا ہے۔

انسپکٹر جنرل سنجے کمار سنگھ نے مزید بتایا کہ سوشانت کے والد نے  ریحا کے علاوہ جن افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے ان میں اندرجیت چکربورتی، سندھیا چکربورتی، شورتی مودی، شوک چکربورتی اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 341، 342، 380، 406، 420، 306 اور 120 (B) کے تحت درج کرایا گیا ہے۔

 سوشان کے والد نے ریحا اور ان کے خاندان کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریحا نے سوشانت کو ان کے خاندان سے بھی دور رکھا ہوا تھا اور مکمل طور پر اپنے قبضے میں کررکھا تھا۔ وہ سوشانت کا بینک اکاؤنٹ بھی ہینڈل کرتی تھی، اور یہ بھی اطلاع ہے کہ اس کے بینک اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکلوائے گئے۔

 انسپکٹر جنرل سنجے کمار سنگھ نے مزید کہا کہ پٹنہ پولیس کی ٹیم ممبئی پہنچ چکی ہے اور اس نے کیس کو مختلف زاویوں سے دیکھنا شروع کردیا ہے، پولیس ان 38افراد کے بیانات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کررہی ہے جن سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے، ان میں مہیش بھٹ، سجنے لیلا بھنسالی اور ادیتیا چوپڑا بھی شامل ہیں۔ 

ایس ایچ او راجیو نگر پولیس اسٹیشن نشانت سنگھ کو اس تفتیش کے سلسلے میں تحقیقاتی  افسر مقرر کیا گیا ہے، آئی جی سجنے سنگھ کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ کے والد اپنے بیٹے کی خودکشی کے بعد سے مشکلات کا شکار ہیں، اور انہوں نے پٹنہ کے سینیئر پولیس افسر سے ملاقات کرکے انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ انہیں کیس کے حوالے سے ممبئی پولیس پر بھروسہ نہیں ہے۔ 

سوشانت کے والد کی ایف آئی آر کے مطابق 8 جون کو جب ریحا کو پتہ چلا کہ سوشانت کے اکاؤنٹ میں پیسے ختم ہورہے ہیں، تو وہ نقد رقم، جیولری، لیپ ٹاپ، کریڈیٹ کارڈ، اس کے پن نمبر، پاس ورڈز اور دیگر اہم دستاویزات اور ڈاکٹرز کی رسیدیں لیکر چلی گئی تھی۔

 انھوں نے مزید بتایا کہ سوشانت کی بہن نے بتایا تھا کہ ریحا نے سوشانت کو دھمکی دی تھی کہ وہ ڈاکٹروں کی رسیدیں دکھا کر میڈیا کے سامنے یہ ثابت کردیگی  کہ سوشانت پاگل ہوگیا ہے۔ جس کے بعد کوئی بھی اسے کام نہیں دیگا، بعدازاں 8 جون کو سوشانت کی سیکریٹری دیشا نے خودکشی کرلی تھی۔ اور ریحا نے خود کو سوشانت کی سیکریٹری مقرر کرلیا تھا اور بعد میں اس نے سوشانت کا نمبر اپنے سیل فون پر بلاک کردیا تھا۔

 سوشانت کو یہ بھی خدشہ تھا کہ ریحا کئی اسے اپنی منیجر کی خودکشی کا ذمہ دار نہ قرار دلوادے، کیونکہ وہ ایسا کرنے کی اسے دھمکی دے رہی تھی۔

سوشانت کے والد نے  ممبئی جاکر اس کیس کو لڑنے کے حوالے سے صحت کی بنیادوں پر معذوری کا بھی اظہار کیا تھا، لہٰذا کیس کو پٹنہ میں درج کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ ریحا اس سے قبل وزیرداخلہ امیت شاہ سے درخواست کرچکی ہے کہ وہ سی بی آئی سے کہیں کہ وہ کیس کی تفتیش کرے۔ چہرے سیریز کی اداکارہ نے سوشانت کو پہلی بار اپنی پوسٹ میں بوائے فرینڈ قرار دیا تھا۔ 

دریں اثنا مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اودھے ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو  ریاستی حکومت سی بی آئی سے سوشانت سنگھ کی موت کےمعاملے  کی تحقیقات کروائے گی، اس حوالے سے ان سے لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چیراگ پاسوان نے  فون پر بات کی تھی۔

تازہ ترین