• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مسئلہ کشمیر پر عالمی توجہ مبذول کرانے میں کامیاب


پاکستان عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کرانے میں کامیاب رہا ہے۔

بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کئی دہائیوں سے جاری ہے، اس حوالے سے حالات اور واقعات پر مبنی خصوصی ڈاکو مینٹری تیار کی گئی۔

پاکستان نے جب جب بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کو دکھایا، بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔

بھارتی مہم جوئی کا ہر بار پاکستان نے موثر جواب دیا اور عالمی فورمز پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنا رہا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لگائے گئے کرفیو کو 1 سال مکمل ہوگیا، حکومت پاکستان نے اس روز یعنی 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کار ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی تصویری نمائش کی جائے گی۔

ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا فاشسٹ نریندر مودی سرکار نے گذشتہ سال 5 اگست کو آرٹیکل A-370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھارت کے آئین سے ختم کر دیا تھا۔

مودی سرکار نے غیر معینہ مدت کے لیے کشمیر میں کرفیو لگا کر ظلم و ستم کی انتہا کردی اور تمام مواصلاتی رابطے بند کردیے گئے۔

ہزاروں کشمیریوں کو شہید اور لاپتہ کر دیا گیا، کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کی گئیں، سیکڑوں خاندان اجڑ گئے۔

تازہ ترین