• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی والوں کو بارش سے پھر انہی مسائل کا سامنا کرنا پڑا،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں کے چوتھے اسپیل کے دوران بھی کراچی کے عوام کو ان ہی مشکلات و پریشانیوں اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا جن کا پہلے کرنا پڑا تھا۔ نالوں کی بحالی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات کے بہتر کیے جانے کے دعووں اور اعلانات کے باوجود صورتحال بدستور خراب ہے اور کے الیکٹرک نے بجلی بندکرکے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بارش ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ کے الیکٹرک کے 400سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے، بن قاسم پاور پلانٹ کے کچھ یونٹ بند کر دیئے گئے۔ رات کے اوقات میں بھی بجلی بحال نہ ہوئی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے غلط بیانی پر مبنی بیانات دے کر عوام کو بے وقوف بنانے اور اپنی نا اہلی و ناقص کارکردگی کو چھپانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی قیادت عوام کو ریلیف دینے میں ایک بار پھر ناکام ثابت ہو ئی ہے اور عوام کا کوئی پُر سان ِ حال نہیں۔ کے الیکٹرک اور حکومتوں کی نا اہلی، بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت میں تبدیل کر یا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے، جگہ جگہ گڑھے پڑنے اور کچرے کے ڈھیروں نے آمد و رفت میں شدید رکاوٹیں پیدا کردی ہیں اور عوام کو جگہ جگہ شدید ٹریفک جام کا بھی سامنا کرنا پڑا اور صورتحال میں بہتری کی کوئی اُمید نظر نہیں آرہی۔

تازہ ترین