• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنان دھماکے، دولہا دلہن بھی بال بال بچ گئے

 نیا نویلا جوڑا اپنی شادی کی البم کے لیے تصویریں بنوا رہا تھا


لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریب منگل کو ہونے والے خوفناک دھماکوں میں ایک دولہا دلہن بھی بال بال بچ گئے۔

دھماکوں کے نزدیکی علاقے کے قریب موجود نیا نویلا جوڑا اپنی شادی کی البم کے لیے تصویریں بنوانے کے لیے پوز دے رہا تھا کہ زور دار دھماکے ہوئے، دھماکوں کی شدت سے دولہا دلہن بے حد خوفزدہ ہوگئے اور ہر طرف ملبا گرنے لگا۔ 

دوسری جانب ایک چرچ میں جاری شادی کی تقریب بھی متاثر ہوئی اور دولہا دلہن سمیت مہمان دھماکوں کی آوازوں سے بے حد ڈر گئے۔

واضح رہے لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریب گزشتہ دونوں ہونے والے زور دار دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 154 ہو گئی ہے اور واقعے میں 5 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیروت میں دھماکوں سے 3.3 شدت کے زلزلے کا ارتعاش محسوس کیا گیا جبکہ دھماکوں کی شدت بیروت سے 240 کلو میٹر دور قبرص تک محسوس کی گئی۔

دھماکے اس قدر شدید تھے کہ میلوں دور تک عمارتیں لرز اٹھیں اور بندرگاہ کے علاقے میں کئی گاڑیاں اُڑ کر عمارتوں کی تیسری منزل پر جا گریں۔