• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا کے چھوٹے بھائی انتقال کرگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل 

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا کے چھوٹے بھائی انتقال کرگئے ہیں۔

زمبابوے کرکٹ کا کہنا ہے کہ سکندر رضا کے چھوٹے بھائی 13 سالہ محمد مہدی ہیموفیلیا جیسے نایاب خون کے مرض میں مبتلا تھے اور حالیہ طبی پیچیدگیوں کے باعث 29 دسمبر کو انتقال کرگئے۔

مرحوم کی تدفین 30 دسمبر کو دارالحکومت ہرارے میں کی گئی۔

زمبابوے کرکٹ  نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سکندر رضا اور ان کے اہلِ خانہ سے ان کے کمسن بھائی محمد مہدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ سکندر رضا پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں، وہ پی ایس ایل 10 کے فائنل میں میچ سے چند منٹ قبل پہنچے تھے۔

مئی 2025 میں سکندر رضا پلے آف مرحلے سے پہلے ہی ٹیم کو چھوڑ کر قومی ذمہ داری ادا کرنے انگلینڈ چلے گئے تھے، جہاں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

اور اگلے ہی دن پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے وہ ٹاس سے چند لمحے پہلے قذافی اسٹیڈیم میں پہنچے اور ٹیم کو جوائن کیا تھا۔ 

سکندر رضا 2013ء سے بین الاقوامی کرکٹ میں زمبابوے کی نمائندگی کر رہے ہیں،  وہ اپنی مستقل مزاجی، قائدانہ صلاحیتوں اور آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث ٹیم کے اہم ستون سمجھے جاتے ہیں۔

2025ء میں وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔

زمبابوے کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ سکندر رضا کی قیادت میں ٹیم نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ایک تاریخی ٹی ٹوئنٹی فتح حاصل کی۔

زمبابوے کو گروپ میں آسٹریلیا، آئرلینڈ اور عمان کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ ٹیم اپنا پہلا میچ 9 فروری کو عمان کے خلاف کھیلے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید