ڈھاکا میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنما کے درمیان مصافحہ خالدہ ضیاء کی آخری رسومات کے موقع پرڈھاکا میں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے جنازے کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر ایاز صادق کی نشست پر آئے اور ہاتھ ملایا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں سال مئی میں جنگ کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطح رابطہ ہے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزار محمد یونس سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نماز جنازہ میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ جنوبی ایشیا کے اعلیٰ حکام اور مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے سیاسی و سفارتی رابطے بھی منقطع ہیں۔
پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملاتے رہے۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں گزشتہ سال ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس دوران ان کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی تھی۔