پاکستان میں بھی سال 2026ء کا آغاز ہوگیا، جنگ اپنے قارئین کو سال نو کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔
نیا سال شروع ہوتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ شروع ہوگیا۔ کراچی اور کوئٹہ میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام، لاہور میں لبرٹی چوک اور کراچی میں گورنر ہاؤس میں شاندار آتش بازی کی گئی۔
سال نو کے آغاز کا سلسلہ نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ سے ہوا، آسٹریلیا، جاپان، چین، انڈونیشیا، بنگلادیش، نیپال، بھارت کے بعد نئے سال نے پاکستان کا رخ کرلیا۔
رات 12 بجتے ہی پاکستان بھر میں 2026ء کی آمد پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، کئی شہروں میں آتش بازی کی گئی۔
شہر شہر لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد اور نئے سال کو خوش آمدید کہتے نظر آئے، کہیں میوزیکل شو ہوا تو کہیں ہلا گلہ اور شور شرابا۔
کراچی میں سال نو کے آغاز کا جشن منانے کےلیے شہری دیوانہ وار مگن ہوگئے کئی گاڑی سواروں نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
آتش بازی کے مناظر کے باعث لوگوں کی نظریں آسمان پر جم گئیں، منچلوں نے ساحل سمندر سی ویو پر نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔
دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور حیدر آباد میں بھی سال نو کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔