• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کا ملزم برقعہ میں پکڑا گیا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت میں 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والا ملزم خاتون کا روپ دھار کر فرار ہونے کی کوشش میں پکڑا گیا، گرفتاری کے وقت ملزم نے برقعہ پہنا ہوا تھا اور ہونٹوں پر سرخی بھی لگائی ہوئی تھی۔

بھارتی ریاست راجستھان میں زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم راجندر سسودیا کو اتر پردیش کے ضلع متھرا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم نے برقعہ پہن رکھا تھا اور لپ اسٹک لگا کر خود کو عورت ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ گرفتاری سے بچ سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم روپوشی کے دوران بار بار بھیس بدل رہا تھا، تاہم خفیہ اطلاع اور مسلسل نگرانی کے بعد اسے متھورا سے گرفتار کر لیا گیا۔ 

ملزم کی شناخت رام بھروسے عرف راجندر سسودیا کے طور پر ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے 15 دسمبر کو 16 سالہ لڑکی اور اس کے بھائی کو نوکری کا جھانسہ دے کر اپنے گھر بلایا۔

ملزم نے لڑکی کے بھائی کو بازار بھیج دیا اور اس دوران لڑکی سے زیادتی کی۔ متاثرہ لڑکی کے چیخنے پر پڑوسی موقع پر پہنچ گئے، تاہم شدید عوامی احتجاج کے باوجود ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم بار بار بھیس بدلتا رہا۔ اس کی موجودگی آگرہ، لکھنؤ اور گوالیار میں ٹریس کی گئی، مگر وہ ہر بار پولیس سے ایک قدم آگے رہا۔

 ایس پی سانگوان کے مطابق ملزم کبھی ٹریک سوٹ یا جیکٹ پہن کر خود کو وی آئی پی یا اعلیٰ پولیس افسر ظاہر کرتا تھا، طویل تلاشی اور آپریشن کے بعد پولیس نے بالآخر ملزم کو ورنداون سے گرفتار کر لیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید