• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا کو ہتھکڑیاں پہنا کر آزادی صحافت کا گلہ دبایا جارہا ہے، مقررین

میڈیا کو ہتھکڑیاں پہنا کر آزادی صحافت کا گلہ دبایا جارہا ہے، مقررین 


کراچی ، لاہور ، پشاور (اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ ) ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ اور جیو نیوز میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی اور لاہور میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، پشاور میں صحافیوں نے احتجاجی ریلی نکالی ، اس موقع پر مقررین نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافت ظلم کا شکار ہے، میڈیا کی زبان بندی ، سچ بولنے پر پابندی اور صحافیوں کا معاشی قتل عام جاری ہے ، میر شکیل الرحمان اور جنگ گروپ کو سچ اور انصاف کی آواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے،میڈیا کو ہتھکڑیاں پہنا کر آزادی صحافت کا گلہ دبایا جارہا ہے، آزادی اظہار رائے اور سچ بولنے پر قدغن ہے ، مقررین نے کہامیر شکیل کی رہائی تک احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے،میر شکیل کی غیرقانونی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں، دوسری جانبکراچی میں صحافتی تنظیموں،جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمان رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن سندھ کے صدر گل رحمان نے کہا کہ پاکستان میں سچ بولنا اور لکھنا گناہ عظیم بنا دیا گیا، جنگ وہ ادارہ ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کی آواز اٹھائی اور بلند ایوانوں تک پہنچائی، میرشکیل الرحمان ہم آپ کو نہیں بھولیں گے، مزدوروں کو بے روزگار کرنے کا ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس موقع پر ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، روٹری انٹرنیشنل انڈس ویلی کے صدر سلطان محمود تاجوانی، عبدالمجید ابدانی، سلیم احمد چانڈیو، دی نیوز کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ گل رحمان نے کہا کہ ملک کا ہر طبقہ اب یہ بات کررہا ہے کہ جنگ گروپ کے سربراہ میرشکیل الرحمان کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، سچ بولنا اور حق لکھنا اس کیلئے گناہ عظیم بنا دیا گیا ہے۔شکیل یامین کانگا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کو جدت دینے والے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری پورے ملک کے عوام کیلئے چیلنج ہے۔ کیا حکومت صرف اور صرف اپنا ہی بیانیہ دکھانے اور بتانے کیلئے میڈیا کا استعمال کرے گی۔ایسا ممکن نہیں ہوگا۔ میڈیا پر سچ اور حق کی قدغن کی لڑائی کے حوالے سے جب بھی تاریخ لکھی جائے گی تو ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الرحمان کا نام ہیرو کی حیثیت سے لکھا جائے گا۔ مجید ابدانی نے کہا کہ میرخلیل الرحمان نے پاکستان کو جنگ جیسا سچا اخبار دیکر ایک بہت بڑا احسان کیا ہے، اس اخبار نے قیام پاکستان کے بعد سے صرف اور صرف حق اور سچ ہی لکھا جس کی پاداش میں پہلے میرخلیل الرحمان کو اور پھر شکیل الرحمان کو مصیبتیں اور صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔ میں حکومت سے انسانیت کے حوالے سے درخواست کروں گا کہ یوم آزادی قریب ہے میرشکیل الرحمان کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ یوم آزادی اپنے گھر اور دفتر میں منائیں۔ رانا یوسف نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے گرفتار کیا ہے۔ میرشکیل ایک بہادر آدمی ہے جس کا اعتراف پورا پاکستان اس وقت کررہا ہے۔

تازہ ترین