آپ آف لائن ہیں
جمعہ29؍محرم الحرام 1442ھ 18؍ستمبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

ملک بھر میں جشن آزادی آج جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

شہروں میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ 


پاکستان بھر میں 73 واں جشن آزادی آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز اسلام آباد اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

نگر نگر ،گلی گلی سبز ہلالی پرچموں اور ہری جھنڈیوں کی بہارچھائی ہوئی ہے، جشن آزادی کے حوالے سے کئی شہروں میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

کراچی میں شہریوں نے رات گئے تک سڑکوں پر ہلہ گلہ کیا جبکہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے سی ویو سے نشان پاکستان تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر اعزازی گارڈز کی تعیناتی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

لاہور محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کی جانب سے یوم آزادی کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی دے کر کیا گیا جبکہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوئی۔ پنجاب رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے محافظ کے فرائض سنبھال لیے۔

لاہور میں رات کو جونہی گھڑی نے بارہ بجائے توفضا اللہ اکبر اور پاکستان زندباد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ مینار پاکستان پر آتشبازی کے شاندار مظاہرے نے ہرطرف جشن آزادی کے رنگ بکھیر دیئے۔

رات گئے کوئٹہ شہر میں نوجوانوں کا جوش و خروش بھی دیدنی رہا، نوجوانوں کی بڑی تعداد قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر امڈ آئی اور وطن سے محبت کا اظہار کیا ۔

قومی خبریں سے مزید