مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا پر ڈھول بجانے سے حکومت کی 2 سال کی منفی کارکردگی مثبت نہیں ہوجائے گی۔
وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
اپنے ایک بیان میں لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوسال میں 5.8 فیصد ترقی کی شرح 0.4 فیصد کیوں ہوئی؟
انھوں نے کہا کہ دو سال میں 13000 ارب قرض لےکر بھی نئی ایک اینٹ نہیں لگائی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دو سال میں 80 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے کیوں چلے گئے؟ دو سال میں 20 لاکھ لوگ بےروزگار ہوگئے لیکن اس کا جواب نہیں آیا۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ دو سال میں چینی 52 سے 110 روپے کلو، آٹا 33 سے 78 روپے کلو ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد اور گیس قیمت میں 300 فیصد اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال میں ’اسٹیٹ اونڈ کارپوریشنز‘ کا خسارہ دوگنا ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ دو سال میں ایک کروڑ نوکریوں میں سے کتنی دیں؟ دو سال میں پچاس لاکھ گھروں میں سے کتنے گھر بنے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دو سال میں مہنگائی تین فیصد سے 13فیصد پر چلی گئی، دو سال میں تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ہوگیا لیکن دو دن میں جواب نہیں آیا۔