• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کارکردگی کیلئے ایک ہی لفظ ’ناکام‘ ہے، اویس لغاری

حکومتی کارکردگی کیلئے ایک ہی لفظ ’ناکام‘ ہے، اویس لغاری


مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اویس لغاری اور عظمیٰ بخاری نے حکومت کی 2 سالہ کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کے لیے ایک ہی لفظ ہے اور وہ ہے ناکام ، ناکام اور پھرناکام ہے۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری نے ظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا وزیراعظم کہتے ہیں پنجاب کےوزیراعلیٰ سیکھ رہے ہیں، کیا صوبہ پنجاب پرائمری اسکول ہے جہاں وزیراعلیٰ کو سکھانے کے لیے کلاسز ہو رہی ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ کسان ٹرالی ڈپریشن سے مر رہا ہے،چینی 65 سے 120 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، جبکہ آج کے ریٹ کے حساب سے گنے کی قیمت 380 روپے فی من ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں گنے کی سپورٹ پرائس نہیں مارکیٹ پرائس چاہیے،آپ نے حکومت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، اپنا بھی نظام نہیں دیا،ڈیڑھ سال سے پنجاب لوکل گورنمنٹ کے بغیر چل رہا ہے،آپ نے اختیارات شیئرکرنے کی بجائے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے دو سال سے سیاستدانوں صحافیوں اور سول سوسائٹی کا گلا دبا رکھا ہے،آپ نے تو 3 ماہ میں صوبہ بنانا تھا اب تک سیکریٹریٹ بھی نہ بناسکے۔

اویس لغاری نے کہا کہ آپ نے کسان کو سستے تیل اور زرعی ادویات سے محروم رکھا، آپ نے بچوں سے والدین چھینے اور پھر انصاف سے محروم رکھا، جبکہ وزیراعظم نے خود کہا کہ پنجاب کے معاملات میں اس لیے مداخلت کرتا ہوں کہ ہماری جماعت کی حکومت ہے۔

لیگی رہنما نے سوال کیا کہ کیا آپ کی جماعت کی حکومت آئین سے بڑی ہے؟ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو تو حاصل روزگار کوٹے سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔

اویس لغاری نے پوچھا کہ کیا وزیر اعلیٰ پنجاب اب تک سیکھ رہے ہیں؟ عثمان بزدار اور ٹیم کو پڑھانے سکھانے کیلئے پنجاب کو پرائمری اسکول بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر ترجمان نون لیگ عظمیٰ بخاری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو کرپٹ کہتے نہیں تھکتے تھے، عجیب کرپٹ لوگ تھے،آٹا سستادیتے تھے، روزگار دیتے تھے اور مہنگائی پر قابو پاتے تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے اور عثمان بزدار سے متعلق بھی زیر تربیت ہونے کا کہا ہے، عمران خان نے کہا کہ میں تو سیکھ گیا لیکن عثمان بزدار سے متعلق اب بھی یقین نہیں، یہ حکومت ملک کی ترقی کو منفی سطح پر لے گئی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں محکمے40 اور ترجمان 54 ہیں،ان کاکہنا تھا کہ چوہان صاحب کنٹینر کا وقت چلا گیا اس وقت گانے وانے چل جاتے تھے،اب تو

ان کاکہنا تھا کہ آپ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو حلقوں کے لوگ ڈھونڈ رہے ہیں، لاہور ڈوب گیا ہے اور عثمان بزدار نہیں اٹھے ہیں، انہیں پتہ نہیں چلا اور لاہور ڈوب گیا ۔

عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ لوگ پوچھ رہے ہیں آٹا چینی کہاں ہے، چینی کا نوٹس لیکر جہانگیر ترین کو باہر بجھوا دیا، چینی کمیشن رپورٹ کے بعد کس کے خلاف کارروائی ہوئی؟

نون لیگی رہنما نے کہا کہ فواد چوہدری کہتے ہیں نہ وہ کھاتا ہے نہ کھلاتا ہے مگر فواد چوہدری صاحب وہ کھاتا بھی ہے اور کھلاتا بھی ہے اور رپورٹ شائع کرکے بچ جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر 3 فیصد مہنگائی پر حکمران چور تھے تو آج 11 فیصد پر آپ کو کیا نام دوں، راوی پروجیکٹ ہو یا فلٹریشن پلانٹ آپ کو شہباز شریف کے منصوبوں پر تختی لگانی پڑتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کارکردگی کوئی نہیں لیکن وزیراعلیٰ کو ہیلی کاپٹر پر گھومنے کا شوق ہے، کام کوئی کرنا نہیں اور پرواز ہی فرما رہے ہوتے ہیں، مون سون سے پہلے شہبازشریف تیاری کرایا کرتے تھے لوگ فیلڈ میں ہوتے تھےمگر آج لاہور کے پوش علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

رہنما نون لیگ نے کہا کہ آپ نے جو پودے لگائے وہ جل چکے ہیں، کل ہائیکورٹ میں آئی جی اور پنجاب حکومت کو لمبا چوڑا چارج شیٹ کیا گیا، آپ کے وزیر کہتے ہیں کہ کرپشن کا ریٹ بڑھ گیا ہے، شراب لائسنس کیس میں بزدار صاحب نے خود ہی اپنے آپ کو کلین چٹ دے دی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کو علم ہی نہیں کہ عثمان بزدار پر چارج کیا ہے، عثمان بزدار پر 5 کروڑ روپے رشوت کا الزام ہے جو لائسنس کیلئے لی گئی ہے۔

تازہ ترین