وزیر توانائی پنجاب اختر ملک کا کہنا ہے کہ دو سالوں میں بڑے بحرانوں کے باوجود لیڈرشپ نے ملک کی سمت درست کر دی ہے، ترقی اور خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔
اختر ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راز متبادل ذرائع سے سستی بجلی کی پیداوار میں ہے، حکومت کی بنیادی ترجیح عوام کو ماحول دوست توانائی کی فراہمی ہے، متبادل ذرائع توانائی پالیسی کا نفاذ ملک کی تقدیر بدل دے گا۔
اخترملک نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگی ٹولہ تین دہائیاں کے بعد عوام کو مہنگی بجلی کا عذاب دے کر گیا، ن لیگ نے کمیشن کے چکر میں متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر پابندی عائد کی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں پانی سے بجلی کی پیداوار کی دس سائٹس پر ٹینڈر جاری ہو چکا ہے ، بجلی کی پیداوار کے چھوٹے منصوبوں کے لیے 786 سائٹس کی نشاندہی کی ہے۔
اختر ملک کا کہنا تھا کہ پانی کے ان چھوٹے منصوبوں سے 847 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کا اندازہ ہے۔