پاکستانی قوم آج یوم دفاع بھرپور عزم کے ساتھ منا رہی ہے، پاک فوج نے یومِ دفاع اور شہدا کی مناسبت سے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور دفاع وطن کا عزم کیا ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرأت، عزم صمیم اور ایثار و قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان اور قوم کے جذبے اور بہادر ی کی یاد دلاتا ہے۔
یومِ دِفاع و شہدا کی مناسبت سے شہدائے پاکستان کو پاک فوج نے خراج عقیدت پیش کیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی نغمہ، ہر گھڑی تیار کامران ہیں، جاری کر دیا گیا۔
یوم دفاع پاکستان پر اسلام آباد میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، آسمان پر رنگوں کی قوس و قزح چھا گئی۔ اس موقع پر ملی نغموں نے شہریوں کا لہو گرما دیا۔
6 ستمبر 1965ء کا پس منظر
کشمیر میں پاک فوج کے ہاتھوں مسلسل پسپائی کے بعد بھارت نے انتقاماً بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرنے کا فیصلہ کیا، اور یوں 6 ستمبر 1965ء کی صبح دشمن افواج نے شہر لاہور میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن ناکامی بہر صورت ان کا مقدر تھی۔
1965ء کو بھارتی افواج نے بغیر کسی اعلان کے لاہور کے قریب بین الااقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن دشمن کو بیدیاں اور واہگہ کے مقامات پر ہی پاک فوج کی جانب سے انتہائی طاقتور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
کھیم کرن کے مقام سے شہر قصور میں داخلے کی کوشش بھی بھارت کو مہنگی پڑ گئی۔ پاکستانی افواج نے نہ صرف اس پیش قدمی کو ناکام بنا ڈالا، بلکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی افواج کو سرحد پار جا کر کھیم کرن تک دھکیل دیا۔
صدر فیلڈ مارشل ایوب خان نے اسی روز قوم سے ایک تاریخی خطاب کیا۔ اُن کے خطاب نے ایسا جوش و ولولہ پیدا کردیا کہ ملک کا ہر فرد اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اٹھ کھڑا ہوا۔
اُدھر پاک فضائیہ نے بھارتی علاقے پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ ایئر بیسز پر انتہائی کامیاب حملے کئے۔ پاک فضائیہ کی اس کارروائی میں دشمن کے درجنوں طیارے تباہ ہوئے۔ بین الاقوامی مبصرین کا کہنا تھا کہ ان حملوں نے بھارتی فضائیہ کی کمر توڑ دی تھی۔