کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ پہلی انٹر نیشنل سیریز کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کم از کم پانچ روز کا قرنطینہ گزارنا ہوگا۔ پاکستان آمد سے قبل زمبابوے ٹیم میں شامل تمام افراد کا ایک کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہے ۔ پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 ٹیسٹنگ سے گزرنا ہو گا۔ مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو قرنطینہ کے دوران کا تفریح کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی کمرشل پروازسے ملتان آمد بیس اکتوبر کو متوقع ہے۔ پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ کو کورونا وائرس کے ایس او پیز کی تفصیلا ت بھجوا دیں ۔ جس میں کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور متعلقہ افراد کی صحت کی حفاظت کی اولین ترجیح قراردیا گیا ہے۔ انگلینڈ میں دو ماہ گذار کر آنے والے ڈاکٹر سہیل سلیم نے بائیو سیکور ببل بین الاقوامی ایس او پیز کو سامنے رکھ کر تیار کیا ہے۔