لاہور(نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف، الطاف والے کام کرتے ہوئےانجام بھی ذہن میں رکھیں،جب بھارت بیگناہ کشمیریوں کوقتل کر رہاتھا تونوازشریف مودی کے ساتھ پگڑیاں بدل اور گھرساڑھیاں بھجوا رہے تھے،بھارتی ذرائع ابلاغ سے پتا چلتا ہے ماضی کی طرح وہ اب بھی وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے، نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ فوج آئینی ادارہ ہے اور اس آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی عمل ہے، نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے جو قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ نوازشریف ہر وہ کام نہ کریں جو الطاف حسین کرتے رہے ہیں، الطاف حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ان کا انجام بھی اپنے ذہن میں رکھیں، آج الطاف حسین قومی سیاست میں ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، ابھی کچھ ہی دن پہلے آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم کو بھانپتے ہوئے پاک فوج کو بھی جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا اور عین اس دوران نوازشریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔