آپ آف لائن ہیں
منگل9؍ربیع الاوّل 1442ھ 27؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

یورپ کی مسلم خواتین کو بہت زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا ہے، ہیلیناڈالی

برسلز(نمائندہ جنگ ) یورپین یونین کی کمشنر برائے مساوات و شمولیت ہیلینا ڈالی نے اس بات پر انتہائی رنج کا اظہار کیا ہے کہ یورپ کی مسلم خواتین کو وسیع طور پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو اکثر ایک خاص طرح کے صنفی اسلامو فوبیا سے گزرنا پڑتا ہے جہاں انہیں جنس،نسل اور مذہب کی بنیاد پر نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین پارلیمنٹ کے انٹرا گروپ برائے انسداد نسلی امتیاز و تنوع اور فورم آف مسلم یوتھ اینڈ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشنز( FEMYSO )کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ایک آن لائن کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ امتیازی سلوک نام اور لباس سے آگے بڑھ کر کئی اور پرتیں بھی رکھتا ہے جہاں ان خواتین کو سماجی اور معاشی رتبے پر پرکھا جاتا ہے۔ جو ان کے آزادانہ کام کرنے اور اپنے آپ کو سماج میں جس طرح وہ چاہیں، آگے بڑھانے کی راہ میں سخت رکاوٹ ہے ۔ ہیلینا ڈالی نے مزید کہا کہ ہم سب کو اس سماجی پسماندگی اور علیحدہ کر دینے والی سوچ کے خلاف فعال

جنگ لڑنا ہوگی اور مسلم خواتین کو وہ مدد فراہم کرنا ہوگی جہاں وہ مکمل آزادی اور خود مختاری کے ساتھ ہر اس شعبے کو اختیار کرسکے جسے وہ کرنا چاہے۔ مساوات کی یورپین کمشنر نے اپنے خیالات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 2019 میں’’یورپ میں امتیازی سلوک کی موجودگی‘‘ کے بارے میں منعقد ہونے والے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ یورپ میں ہر 10 میں سے 3 افراد کسی مسلمان کولیگ کی موجودگی میں اچھا محسوس نہیں کرتے جب کہ آدھے یورپین شہری یقین رکھتے ہیں کہ ان کے ممالک میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کیا جانے والا نسلی امتیاز موجود ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپین شناخت مسلم شناخت اور تنوع کے بغیر نا مکمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسلم خواتین کے خلاف یورپ میں موجود نسلی امتیاز کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز ہیلینا ڈالی نےیورپین اینٹی ریس ازم پلان پیش کیا ہے۔ جس میں یورپ کی ممبر ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 2022 کے اختتام تک اپنے اپنے ملکوں میں نسلی امتیاز کے خاتمے کیلئے جامع اقدامات اختیار کریں ۔

یورپ سے سے مزید