کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے پی سی بی کو وضاحت پیش کردی ہے۔جس پر بورڈ نے ان کے خلاف کسی بھی کارروائی سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں مصباح اور اظہر نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان سے ملاقات کی۔ مصباح اور اظہر کا موقف تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ پر بات کی، ڈپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے سے کھلاڑی مشکلات کا شکار ہیں۔ وضاحت پیش کرنے کے بعد پی سی بی نے مصباح اور اظہر کو آئندہ احتیاط کرنےکی ہدایت کر دی۔ ہیڈکوچ مصباح الحق اور کپتان اظہر علی کو پی سی بی کی اجازت کے بغیر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات پر شوکاز نوٹس کا سامنا تھا۔دونوں کے ہمراہ محمد حفیظ بھی وزیر اعظم سے ملاقات میں شامل تھے لیکن انہیں سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہ ہونے پر نہیں بلایا گیا۔