پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل جنت مرزا نے خود کو ’بد لحاظ‘ کہہ دیا۔
معروف تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ٹک ٹاک ماڈل جنت مرزا نے اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ سیاہ رنگ کا لباس پہنے دکھائی دے رہی ہیں۔ تصویر میں اُن کے لمبے سنہری بال کھلے ہوئے ہیں اور وہ کھڑکی سے باہر جھانک رہی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ فوٹو کے ساتھ کیپشن میں جنت مرزا نے لکھا کہ :
’ہم ذرا بد لحاظ سے ہیں،
کم ہی کسی کو راس آتے ہیں‘
اس کے علاوہ انہوں نے کیپشن میں مزید لکھا کہ ’مجھ سے سوال کریں۔‘
جنت مرزا کی اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے اُن سے مختلف سوالات کیے جارہے ہیں، ایک صارف نے اُن سے پوچھا کہ کیا آپ نے کبھی کسی سے پیار کیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’نہیں۔ ‘
مراد خان نامی ایک صارف نے جنت سے سوال کیا کہ آپ کی گھر میں زیادہ بانڈنگ کس سے ہے؟ تو اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنے’والد‘ کا نام لکھا۔
ایک اور مسکان نامی صارف نے اُن سے سوال کیا کہ ’کیا آپ جاپان شفٹ ہورہی ہیں؟‘ اس کے جواب میں جنت مرزا نے کہا کہ ’جی ، وہ جاپان شفٹ ہورہی ہیں۔ ‘
ٹک ٹاک ماڈل جنت مرزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 14 گھنٹے قبل شیئر کی تھی جسے اب تک 85 ہزار سے زائد مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کی اس پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنت مرزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ٹک ٹاک بند ہونے کا ایک فائدہ ضرور ہوا ہے کہ مجھے تمام آستین کے سانپوں کا پتا لگ گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ رواں ماہ 10 اکتوبر کو پاکستان میں چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارتی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاتھا کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹاک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیرمہذب مواد کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق عوام کی شکایات اور ٹک ٹاک پر موجود مواد کا معائنہ کرنے کے بعد اس کے حکام کو ایک نوٹس بھیج کر ہدایت کی گئی کہ غیرقانونی مواد کی روک تھام اور اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے کے لیے فعال طریقہ کار متعارف کیا جائے مگر ٹاک ٹاک نے ان ہدایات پر عمل نہیں کیا۔
پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو اس پابندی سے متعلق مطلع کرتے ہوئے یہ بھی باور کروایا تھا کہ اس معاملے پر بات چیت کے لیے تیارہیں اگر ٹک ٹاک غیر قانونی مواد کو ہٹانے سے متعلق نظام متعارف کرواتا ہے تو پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔