• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر کسی جرم میر شکیل الرحمان کو قید رکھنا انصاف کے منافی، مقررین

بغیر کسی جرم میر شکیل الرحمان کو قید رکھنا انصاف کے منافی، مقررین 


کراچی ، لاہور ، راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی ، لاہور اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی کیمپوں کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پرصحافتی تنظیموں کے نمائندوں اور سیاسی رہنمائوں نے اپنےخطاب میں کہا کہ بغیر کسی جرم کے قید کرنا حق اور انصاف کے منافی ہے، اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کی 7ماہ سےغیرقانونی گرفتاری انسانی حقوق کی پامالی ہے، میر شکیل الرحمان کے خلاف جتنی بھی سازشیں کر لی جائیں ان کے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے اور ان کے اس حق و سچ کے مشن میں ان کی پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے اور آخری دم تک ساتھ رہے گی، دوسری جانب رانا اشفاق رسول خان نے کہامیرشکیل الرحمان کا تعلق محب وطن خاندان سے ہے، جنگ اور جیو نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، صحافت کو آزاد رہنے دیا جائے اسے قید نہیں کیا جاسکتا، بغیر کسی جرم کے قید کرنا حق اور انصاف کے منافی ہے، میرخاندان نے قلم کے ذریعہ اس ملک کی خدمت کی ہے اور آج ان کے ادارے کی شناخت حق اور سچ ہی ہے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین فرزندان پاکستان رانا اشفاق رسول خان نے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمان رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، پی ایف یو جے سابق سیکرٹری جنرل خورشید عباسی، مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار، سینئر وائس چیئرمین کراچی رانا محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ رانا اشفاق رسول نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف ہم اپنے جنگ اور جیو کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ جنگ اور جیو آج بھی پاکستان کا ہی دنیا کا سب سے بڑا اردو میڈیا ہے، بغیر ثبوت کے آپ نے ایک شریف آدمی کو گزشتہ کئی ماہ سے گرفتار کیا ہوا ہے۔34 سال پرانے کیس میں کوئی واضح اور ٹھوس ثبوت بھی نہیں ہیں لیکن آپ نے انتقامی کارروائی کیلئے میرشکیل کو گرفتار کیا ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ میرشکیل الرحمان نے حق اور سچ کے خاطر ایک بار پھر قربانی دی ہے دنیا کی تاریخ میں میڈیا کے حوالے سے ایک صحافی میرشکیل الرحمان کی قید کو یاد رکھا جائے گا، اگر حق اور سچ کہنا جرم ہے تو پاکستان کی 22 کروڑ عوام غدار ہیں۔

تازہ ترین