• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسپورٹ کو ایل این جی پرمنتقل کرنے کامنصوبہ لاجواب ہے،اکانومی واچ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین برگیڈئیررمحمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کو سی این جی کے بجائے ایل این جی پر منتقل کرنے کا منصوبہ لاجواب ہے جس سے آئل امپورٹ بل میں تقریباً بیس فیصد کمی آئے گی جبکہ اس سے کرائے اور ماحولیاتی آلودگی بھی کم ہو جائے گی اور موسم سرما میں گیس اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں ملک بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گیس پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب حکومت نے تمام سی این جی سٹیشنز کو مقامی گیس سے بجائے درامد شدہ ایل این جی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ٹرانسپورٹ سے وابستہ لاکھوں افراد اور کروڑوں مسافروں کو ریلیف ملے گا۔ اس وقت بین الاقوامی منڈی میں ایل این جی مقامی گیس سے سستی ہے جبکہ نجی شعبہ کی جانب سے ایل این جی کی درامد اور تمام اخراجات کے بعد بھی اسکی قیمت پٹرول سے بیس سے پچیس فیصد تک سستی ہو گی اس لئے اس فیصلے پر فوری عمل درامد کیا جائے،انھوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے گیس کے ٹرمینلز کو انکی استعداد کے مطابق استعمال کیا جا سکے گا جو اس وقت کم استعداد پر چل کر بھاری نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔اس سے نجی شعبہ نئے ٹرمینلز کی تعمیر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی کرے گا جبکہ بچنے والی مقامی گیس کو صنعتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکے گا جس سے پیداوار برامدات اور روزگار بڑھے گا اور صنعتی شعبہ کی چکایات کم ہو جائیں گی۔
تازہ ترین