• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزار قائد پر نعرے بازی، شوبز شخصیات کا ردّ عمل

مسلم لیگ نون کی جانب سے قائد اعظم کےمزار پر ہلڑ بازی اور سیاسی نعرے بازی پر شوبز شخصیات کافی ناراض نظر آرہی ہیں، اس ضمن میں انہوں نے  بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔

فنکاروں نے سوشل میڈیا پیغامات میں ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کے مزار کے تقدس کی یوں پامالی کسی پاکستانی کیلئے قابلِ قبول نہیں ہے۔

پاکستان کی ٹاپ ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

 آمنہ الیاس نے اس سیاسی اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز میں اب سیاست اور گٹر میں کوئی فرق نہیں رہا۔


انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام کرکے یہ لوگ قائد کو یہ عزت دے رہے ہیں، کیا یہ لوگ بھی اپنے والدین کی قبر پر جا کر بھی مفاد کے خاطر مجمع لگا کر نعرے بازی کرتے ہیں؟ کیا اس طرح کے لوگ ہمارے لیڈر بنیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر حکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ایسے لوگوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیں۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ گلوکار و اداکار فخر عالم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ جناب قائداعظم آپ کے مزار کی بے حرمتی پر ہم لوگ معذرت خواہ ہیں۔

 خیال رہے کہ گزشتہ روز کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم پھر ضمانت پر رہائی مل گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر200 نامعلوم افراد کے خلاف قائداعظم مزار پروٹیکشن اینڈ مینٹیننس آرڈیننس 1971 کی دفعات 6، 8 اور 10جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506-بی کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر اور ان کے 200 ساتھیوں نے مزار قائد کا تقدس پامال، قبر کی بے حرمتی، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی۔

تازہ ترین