• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرلی دھرن بائیوپک معاملہ: بھارتی اداکار کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی

بھارتی اداکار وجے سیتھوپتی کو سری لنکا کے لیجنڈری کھلاڑی متھایا مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے رضامندی کا اظہار کرنے پر اُن کی بیٹی کا ریپ کرنے کی دھمکی مل گئی۔

دنیائے کرکٹ کے عظیم بولر متھایا مرلی دھرن کی زندگی پر بھارت میں تامل زبان میں فلم بنانے کی خبریں زیر گردش ہیں، جس کا ایک پوسٹر بھی جاری کیا گیا تھا۔

ابتدا میں اداکار وجے سیتھوپتی نے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کی حامی بھری تھی، لیکن بھارت میں تنازع کھڑا ہونے پر وہ فلم سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وجے سیتھوپتی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چنئی پولیس نے ٹوئٹر پر ریپ کی دھمکی ملنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔

چنئی پولیس کمشنر وجے سیتھوپتی کا نام لیے بغیر اور اس دھمکی کی مزید تفصیلات دیے بغیر بتایا کہ ایک سیلیبرٹی کے خلاف سوشل میڈیا میں آنے والے کمنٹس پر تشویش ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک شخص نے وجے سیتھوپتی کو تامل قوم کا غدار قرار دیا اور ایک گرافکس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے ساتھ جب ایسا ہوگا تو انھیں سری لنکا میں بسے تامل کو درپیش مشکلات کا احساس ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکن حکومت کی جانب سے تامل باغیوں کو مارنے کی حمایت کے بیان پر بھارت میں موجود تامل لوگ مرلی دھرن کو اپنا غدار سمجھتے ہیں۔

اپنے بیان سے متعلق مرلی دھرن بھی یہ وضاحت دے چکے ہیں کہ ’میں تیس سالہ طویل اس خانہ جنگی کے دوران ہی پلا بڑھا ہوں، میں جنگ کے درد کو محسوس کر سکتا ہوں، جب میں 7 سال کا تھا تو میرے والد کو مارا گیا، ہم نے بڑا وقت سڑکوں پر گزارا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سری لنکا کی خانہ جنگی کے اختتام سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ معاملات زیادہ خراب ہوجانے پر مرلی دھرن نے اداکار سیتھوپتی سے درخواست کی تھی وہ اس فلم سے علیحدہ ہوجائیں۔

مرلی دھرن نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ سیتھوپتی کچھ لوگوں کی جانب سے دباؤ برداشت کر رہے ہیں، میں نہیں چاہتا کہ وجے سیتھوپتی جیسے اسٹار ان لوگوں کی وجہ سے مصیبت میں آئیں جو میرے متعلق غلط فہمی کا شکار ہیں۔

مرلی دھرن کے اس بیان کو وجے سیتھوپتی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور لیجنڈری کرکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وجے سیتھوپتی کے مینیجر نے کہا ہے کہ اداکار اب یہ فلم نہیں کریں گے۔

تازہ ترین