بھارت کی تامل فلم انڈسٹری میں سری لنکن کھلاڑی اور دنیا کرکٹ کے عظیم اسپنر متھایا مرلی دھرن کی زندگی پر مبنی فلم شوٹنگ سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی جہاں اداکار وجے سیتھوپتی بھی فلم سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھارتی کمپنی ہی مرلی دھرن کی زندگی پر بنی فلم ’800‘ کو پروڈیوس کرے گی، تاہم گزشتہ چند روز کے دوران فلم سے متعلق یکے بعد دیگرے تنازعات سامنے آئے ہیں۔
جنوبی بھارت کی ایک سیاسی جماعت نے فلم سے متعلق سوال اٹھایا کہ اس میں ممکنہ طور پر سری لنکن سول وار (تامل ٹائیگرز کے خلاف جنگ) کو بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کی مرلی دھرن نے حمایت کی تھی۔
مذکورہ سیاسی جماعت نے وجے سیتھوپتی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس فلم میں کام نہ کریں کیونکہ یہ تامل کاز کے ساتھ غداری کے مترادف ہوگا۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی جانب سے بھارت پر ریاست مخالف تامل ٹائیگرز کی پشت پناہی کا الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے۔
سیاسی جماعت کی مخالفت کے بعد اداکار وجے سیتھوپتی کے خلاف سوشل میڈیا پر احتجاج اور تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اس کے بعد مرلی دھرن نے تامل زبان میں ہی ایک بیان جاری کیا جس میں وجے سیتھوپتی سے درخواست کی کہ وہ اس فلم میں کام کرنے سے دستبردار ہوجائیں۔
اپنے اس بیان میں مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ سیتھوپتی کچھ لوگوں کی جانب سے دباؤ برداشت کر رہے ہیں، میں نہیں چاہتا کہ وجے سیتھوپتی جیسے اسٹار ان لوگوں کی وجہ سے مصیبت میں آئیں جو میرے متعلق غلط فہمی کا شکار ہیں۔
مرلی دھرن نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ وجے سیتھوپتی مستقبل میں کسے مسئلے کا سامنا کریں، اس لیے میری ان سے درخواست ہے کہ وہ اس فلم کو چھوڑ دیں۔
متھیا مرلی دھرن کے اس بیان کو وجے سیتھوپتی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور لیجنڈری کرکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وجے سیتھوپتی کے مینیجر نے کہا ہے کہ اداکار اب یہ فلم نہیں کریں گے۔
تاہم اب سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا مرلی دھرن کی زندگی پر مبنی یہ فلم بند کردی گئی ہے؟ تو اس کا جواب ہے نہیں، کیونکہ مرلی دھرن نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ مجھے امید ہے کہ میری زندگی پر مبنی یہ فلم تمام مشکلات کو عبور کرکے لوگوں تک پہنچے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں مسائل آنے کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری، میں انھیں سنبھال لیتا ہوں، اسی وجہ سے میں آج یہاں ہوں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے کی اس لیے رضامندی کا اظہار کیا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ نوجوان کرکٹرز کو حوصلہ دے گی۔
مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ جلد پروڈکشن ہاؤس فلم ’800‘ سے متعلق بیان جاری کریں گے، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔