• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم پر بھارت میں سیاسی تنازع

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم پر بھارت میں سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا اور ساتھ ساتھ وہاں پر جھگڑے و فساد بھی شروع ہوگئے ہیں۔ مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم 800 میں بھارتی تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے سیتھوپتی نے مرکزی کردار ادا کرنے کا اعلان کیا تو بھارت میں سیاسی تنازع کا باعث بن گیا۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو کی مقامی سیاسی جماعت نے وجے سیتھوپتی سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس عمل کو تامل کاز سے غداری قرار دیا ہے۔ مقامی رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن ویکو کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن نے جنگ کے دوران سری لنکا کے اس وقت کے صدر کی حمایت کی تھی اور لاپتہ افراد کے احتجاج کو ڈرامہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تامل اداکار کی جانب سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کی حامی بھرنے سے دنیا بھر میں تامل قوم کو مایوسی ہوئی ہے اور میری درخواست ہے کہ وہ فلم میں کام نہ کریں۔ دوسری جانب مرلی دھرن نے بھی تنازع پر بھی لب کشائی کی ہے اور کہا ہے کہ میرے بیانات پرسب کو غلط فہمی ہوئی ہے، میں جنگ کی سختیوں کو سمجھتا ہوں اور میں نے ہمیشہ معصوموں کے قتل کی مذمت کی ہے اور ہمیشہ کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا سری لنکن تامل ہونا ان کا جرم ہے؟ میں سری لنکا میں پیدا ہوا تو سری لنکن ٹیم میں شمولیت کے لیے کوشش کی، بھارت میں پیدا ہوتا تو یقینا بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کی کوشش کرتا، مجھے اس معاملے میں ہمیشہ غلط سمجھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اداکار وجے سیتھوپتی نے بھی مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

تازہ ترین