• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرحد چیمبرکی پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر چھاپوں کی مذمت

پشاور (لیڈی رپورٹر )سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثرہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر غیر قانونی چھاپوں‘ جرمانے عائد کرنے اور بے جا انکوائری کی شدید مذمت کی ہے اور صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ایسی کارروائیوں سے گریز کیا جائے جس سے پرائیویٹ تعلیمی ادارے متاثر نہ ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرحد چیمبر کی ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کی ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین صبور سیٹھی‘ صوبائی سیکرٹری تعلیم ندیم اسلم چوہدری اور پرائیویٹ سکول کے سربراہان‘ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مینجنگ ڈائریکٹر تاشفین حیدر بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائیویٹ سکولز و کالجز میں فیسوں میں اضافہ کے حوالے سے گذشتہ سال اپریل میں صوبائی حکومت کی جانب سے آرڈیننس جاری کیاگیا تھا جس کے باوجود بھی پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نوٹسز جاری کررہی ہے ۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں فیسوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ پشاور ہائی کورٹ کی احکامات کی روشنی میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران سکولز و کالجز انتظامیہ نے طلباء و طالبات سے فیس و کسی قسم کے چارجز وصول نہیں کئے ہیں مالی مشکلات کے باوجود بعض طلباء و طالبات کو فیس اقساط میں ادا کرنے کی بھی سہولت دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو طلباء و طالبات کے والدین کی مالی امداد کرنی چاہئے ۔
تازہ ترین