محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں دسمبر تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم صبح اور رات کو سردی اور دن قدرے گرم ہوں گے۔
ترجمان محکمہ موسمیات خالد محمود نے خبردار کیا ہے کہ موسم خشک رہنے کے باعث آلودگی بڑھے گی، اسموگ بھی زیادہ ہوگی ، جبکہ دسمبر میں بارش کے بعد اس صورتحال میں بہتری کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے باقی دنوں اور نومبر بھر میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ ڈرائی سپیل میں ٹمپریچر ڈراپ نہیں ہوتا، آہستہ آہستہ کم ہوتا ہے اور وہ ہورہا ہے، بارشیں اکتوبر کے بقیہ دنوں میں اور نومبر میں بھی بارشیں نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث خشکی اور آلودگی بڑھ رہی ہے، اسموگ بھی زیادہ ہوگی، ایسے موسم میں نزلہ، زکام، کھانسی سمیت کئی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کاکہنا تھا کہ ڈرائی اسپیل میں اسموگ بڑھ جائے گی، جس میں دھند اور ڈسٹ پارٹیکلز، کاربن پارٹیکلز فضاء میں رہیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نومبر میں شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، تاہم برف باری یا طوفانی بارشیں نہیں ہوں گی۔