• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کو پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے این او سی تفویض

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو انڈسٹریل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ’این او سی‘ تفویض کردی ہے ۔ ایچ ای سی کی جانب سے داؤد یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ کے نام جاری اجازت نامے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کہا ہے کہ داؤد انجینئرنگ سے حاصل معلومات اور اس کے تجزیئے کے بعد کمیشن کو جامعہ کی جانب سے پی ایچ ڈی انڈسٹریل انجینئرنگ پروگرام شروع کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اور اس کا اطلاق اکتوبر 2015ء سے ہوگا۔ ایچ ای سی کی جانب سے این او سی کےاجراء کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، چیئرمین انڈسٹریل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ذیشان علی میمن اور دیگر چیئرپرسنز نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے ایچ ای سی سے این او سی کا اجراء اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ جامعہ داؤد انجینئرنگ میں تعلیمی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں ، ترقی کی منزلوں کی جانب گامزن رہیں گے، یونیورسٹی کی ترقی درست وقت پر صحیح فیصلوں سے ممکن ہوسکی ہے جس میںانتظامیہ ، فیکلٹی ارکان ، ملازمین اور سب سے بڑھ کر طلباء کا تعاون قابل قدر ہے ۔

تازہ ترین