• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے سینے میں دل نہیں، اقتدار دھڑکتا ہے، بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پشاور میں مدرسے کے طلبا پر قیامت بیت گئی، لیکن اپوزیشن منفی سیاست سے باز نہیں آئی، اپوزیشن کے سینے میں دل نہیں، اقتدار دھڑکتا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے میں جاں بحق افراد کے سوگ میں اپوزیشن کو اپنی روش پر نظر ثانی کرنی چاہیے، یہ وقت متاثرین سے ہمدردی اور یکجہتی کا ہے، قوم کو افراتفری کی سیاست نہیں، اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ماؤں کی گود اجڑ گئی ان کے دکھ کا اندازہ کوئی نہیں کرسکتا، اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے دکھ کا رتی بھر احساس نہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا، عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں کورونا کے مریضوں کی شرح اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی، انتظامی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں عثمان بزدار نے عمران خان کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق آگاہ کیا۔

تازہ ترین