• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 14 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ، پاکستان زمبابوے کی ٹیمیں آج پہلا ون ڈے کھیلیں گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم14سال کے طویل عرصے بعدون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کررہا ہے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے جمعے کو دوپہر بارہ بجے شروع ہورہا ہے۔بابر اعظم پہلی بار ون ڈے میں کپتانی کریں گے جبکہ پاکستانی ٹیم تقریبا گیارہ ماہ بعد کوئی ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے۔اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ میزبان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا گو کہ زمبابوے کی ٹیم پنڈی اسٹیڈیم میں اچھا ریکارڈ نہیں رکھتی تاہم وہ اسے ترنوالہ نہیں سمجھتے،عالمی رینکنگ میں موجود کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی مینزکرکٹ ورلڈ سپر لیگ کے یہ میچز ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی حیثیت رکھتے ہیں اورہمارے لیے اس لیگ کا ہر پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان چامو چھیبھابھا کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پاکستان کی ٹیم محدود فارمیٹ کی ایک بہترین ٹیم اور ہوم وینیو پر اسے ہرانا آسان نہیں تاہم اسکواڈ میں شامل 6 سینئر کھلاڑی پہلے بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں اور وہ یہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ چامو چھیبھابھا نے کہا کہ زمبابوے نے گزشتہ 7 ماہ سے کوئی کرکٹ میچ نہیں کھیلا لہٰذا ہر کھلاڑی سرخ رنگ کی شرٹ زیب تن کرکے میدان میں اتر کر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا منتظر ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یہ سیریز پاکستان کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ یہاں نئے لڑکوں کو اس طرز کی کرکٹ میں آزمانا چاہتے ہیں،چند روز قبل پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جن نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، انہیں دورہ نیوزی لینڈ سے قبل آزمانا چاہتے ہیں۔توقع ہے کہ لیگ اسپنر عثمان قادر میچ میں اپنے ون ڈے کیئریئر کا آغاز کریں گے۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارا پہلا ہدف یہی ہوتا ہے کہ میچ اور سیریز جیتی جائےبطور کپتان ہوم اور باہر کی سیریز کے لیے الگ الگ پلاننگ ہوتی ہے۔زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم نے ان کے خلاف ضرور پلاننگ کی ہےجو بھی ٹیم ہو کوشش یہی ہوتی ہے کہ کبھی انہیں ہلکا نہیں لینالڑکوں کو یہی پیغام دیا ہے کہ جو آپ کی صلاحیت ہے ،اس ہی کے مطابق کھیلنا ہے۔شکر ادا کرتا ہوں کہ جو کپتانی ملی ہے اس کو بہتر نبھاؤں ۔

تازہ ترین