• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، جعلی فیس بک آئی ڈی کے خلاف سفارتخانہ پاکستان حرکت میں آگیا

فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر پریشان کرنے کے بعد پاکستانی سفارتخانے کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر جھوٹی افواہیں پھیلا کر پریشانی پیدا کرنے والی مذموم مہم پر سفارتخانہ پاکستان حرکت میں آگیا ہے۔

فرانس میں پریس کونسلر دانیال سلیم گیلانی کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مبینہ طور پر کاؤنصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے بنائے گئے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ۔

اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دانیال سلیم گیلانی نے کہا کہ فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کا صرف ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے جو کہ پاک ان فرانس کے نام سے بنایا گیا ہے۔ 

اس سلسلے میں سفارتخانے کی طرف سے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر وہ سفارتخانہ پاکستان فرانس کا کوئی اور ٹوئٹر اکاؤنٹ دیکھیں تو اسے فوراً ٹوئٹر، فیک نیوز بسٹر، فارن آفس پی کے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اکاؤنٹس پر رپورٹ کریں۔ 

واضح رہے کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ʼوزیراعظم عمران خان کی تنقید کے بعد ہمارے شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کردئیے گئے ہیں۔‘

اسی ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ʼمکمل دستاویز رکھنے والے 118 شہریوں کو جبری طور پر ڈی پورٹ کردیا گیا ہے اور اپنے شہریوں کو عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کے لیے ہم فرانسیسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘

واضح رہے کہ فرانس میں بعض شرپسند عناصر ایک عرصے سے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے، کمیونٹی میں اختلاف پیدا کرنے میں مصروف تھے اب یہ سفارتخانہ کے نام پر فیک ٹوئٹر اکاؤنٹ منظر عام پر آیا ہے۔

تازہ ترین