• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقین رکھیں ہم فتح یاب ہوں گے، ہم فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

ڈیمو کریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج آنے سے پہلے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے حامی یقین رکھیں وہ کامیابی کے راستے پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض ریاستوں کے نتائج توقع سے زیادہ اچھے رہے، الیکشن کون جیتے گا یہ میرا یا ٹرمپ کا فیصلہ نہیں بلکہ عوام کا فیصلہ ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک بھر میں جن لوگوں نے بھی ڈیموکریٹکس کے لیے مہم چلائی اور محنت کی ان سب کا شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر اب تک سبقت حاصل ہے۔

امریکی نیٹ ورکس کے مطابق ڈیموکریٹ نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے، جوبائیڈن نے 238 جبکہ ڈونلڈٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے ہیں۔

امریکا کی 19 ریاستوں میں ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کو برتری حاصل ہے، 16 ریاستوں میں ڈیموکریٹک امیدوار بائیڈن کو برتری حاصل ہے، جبکہ 16 ریاستوں سے صدارتی انتخاب کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے نیوہیپمشائر میں کامیابی حاصل کر لی، امریکی ریاست الاباما میں سینیٹ کی نشست ری پبلکن کے پاس برقرار رہی ہے۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ نے نبراسکا سے بھی کامیابی حاصل کر لی ہے، کیلی فورنیا سے بائیڈن کامیاب ہوئے ہیں جنہوں نے 55 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے۔

جو بائیڈن نےاوریگن سے 7 الیکٹورل ووٹ ، ریاست واشنگٹن سے 12 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ وائے اومنگ سے ٹرمپ کامیاب ہوئے ہیں جنہوں نے وہاں سے 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے ہیں۔

ایریزونا سے 11 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے بائیڈن کامیاب ہوئے ہیں، 2016ء کے امریکی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ٹرمپ ایریزونا سے کامیاب ہوئے تھے۔

اوہائیو سے ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 الیکٹورل ووٹ جبکہ ٹیکساس سے 38 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔

آئیوا سے ٹرمپ نے 6 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے، ورجینیا سے بائیڈن نے 13، مین سے 4 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے۔

رہوڈ آئی لینڈ اور ہوائی سے بائیڈن نے 4 4 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے۔


منی سوٹا سے بائیڈن نے 10 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے۔

بائیڈن ریاست ڈیلویئر، واشنگٹن ڈی سی، الینوئس، میری لینڈ، میسا چیوسٹس، روڈ آئی لینڈ، ورجینیا، نیوجرسی، کنیٹی کٹ اور ورمونٹ میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر منتخب ہونے کے لیے امیدوار کا 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مخالفین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتخابات چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ری پبلکن کی کامیابی پہلے سے زیادہ بڑی ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک بڑی جیت کے بعد آج رات بیان دوں گا، ووٹ پولنگ بند ہونے کےبعد کاسٹ نہیں ہو سکتے۔

تازہ ترین