• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی عظمت نے اپنے ’سیونی ‘ کی ویڈیو شیئر کرکے بھارت کو کرارا جواب دے دیا

بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے پاکستان کے ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ جنون کی جانب سے 1990 کی دہائی میں گائے گئے مقبول گانے ’سیونی‘ کا انتہائی بُرا ریمیک بنانے پر گلوکار علی عظمت نے جنون کے ’سیونی ‘ کی ویڈیو شیئر کرکے بھارتیوں کو کرارا جواب دے دیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جنون بینڈ کے رکن و گلوکار علی عظمت نے ماضی کی ایک یادگار ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں گلوکار سمیت پورا جنون بینڈ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے گانا ’سیونی‘ گنگناتا نظر آرہا ہے۔


علی عظمت نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ویڈیو اُن مداحوں کے لیے ہے جنہوں نے سیونی کو مقبول کیا اور جو آج بھی سیونی سے محبت کرتے ہیں۔‘

گلوکار نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تمام چاہنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا جبکہ صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ’سیونی‘ کا انتہائی بُرا ریمیک بنانے پر جنون بینڈ کو بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے دو روز قبل ہی ’سیونی‘ کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی تھی، جسے اگرچہ اب تک 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم اس پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

’سیونی‘ جیسے ہر وقت کے مقبول گانے کے ریمیک کو بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے، جو گلوکارہ نیہا ککڑ کی طرح ماضی کے مقبول گیتوں کی نقل اور ریمیک گانے سے شہرت رکھتے ہیں۔

اگرچہ ٹی سیریز نے ریمیک کی ریلیز میں پاکستانی گانے اور جنون گروپ کو کریڈٹ دیا ہے، تاہم اس باوجود ریمیک پر پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی افراد بھی ٹی سیریز پر نالاں ہیں۔

تازہ ترین