کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ جنون کی جانب سے 1990 کی دہائی میں گائے گئے مقبول گانے ’سیونی ‘کا انتہائی برا ریمیک بنانے پر بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
ٹی سیریز نے دو دن قبل ہی ’ ʼسیونی‘ کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی تھی، جسے اگرچہ اب تک 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم اس پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
’سیونی‘ جیسے ہر وقت کے مقبول گانے کے ریمیک کوبھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے، جو گلوکارہ نیہا ککڑ کی طرح ماضی کے مقبول گیتوں کی نقل اور ریمیک گانے سے شہرت رکھتے ہیں۔
’سیونی ‘کے ریمیک کو اسی نام سے بننے والی بھارتی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے جو رومانٹک تھرلر فلم ہے۔گانے کا ریمیک جوئے انجن نے بنایا ہے، تاہم اس باوجود گانے کی دھن پرانے پاکستانی گانے جیسے ہی رکھی گئی ہے۔
اگرچہ ٹی سیریز نے ریمیک کی ریلیز میں پاکستانی گانے اور جنون گروپ کو کریڈٹ دیا ہے، تاہم اس باوجود ریمیک پر پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی افراد بھی ٹی سیریز پر نالاں ہیں۔