• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IPAQT کا پاکستان میں کم قیمت معیاری ٹیسٹنگ پر اشتراک

IPAQT (Initiative for Promoting Affordable and Quality Tests) پاکستان میں عوام کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (World Health Organization) کا منظور شدہ ٹی بی ٹیسٹ مہیا کرنے کیلئے ایک اہم اشتراک ہے۔

IPAQT نے فوری / بروقت جانچ اور علاج کے خواہشمند مریضوں تک معیاری اور کم قیمت ٹی بی کی تشخیص کی سہولیات پہنچانے کے لئے نجی لیبارٹیری نیٹ ورکس کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ پلمونری تپ دق (ٹی بی) ہوا کی وجہ سے پھیلنے والا سینے کا انفیکشن ہے جو ایک متاثرہ شخص کی سانس کے قطروں کے ذریعے کسی صحت مند شخص میں منتقل ہوسکتا ہے۔ پلمونری ٹی بی کی نمایاں علامات میں مستقل کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور بخار شامل ہیں۔

ٹی بی ایک قابل علاج اور قابل تشخیص بیماری ہونے کے باوجود پاکستان میں ہر سال ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہوکر 69,000 افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ دنیا بھر میں ٹی بی کے مریضوں کی بڑی تعداد کے حو الے سے پاکستان پانچویں نمبر پر ہے، جہاں ہر سال 500,000 سے زائد نئے مریض سامنے آتے ہیں جبکہ غیرتشخیص شدہ اور لاپتا مریضوں کی تعداد 180,000 کے لگ بھگ ہے۔ ٹی بی کے کامیاب علاج کے لئے مریضوں میں اس مرض کی بروقت تشخیص ہونا ضروری ہے جو مہنگائی اور غیر معیاری ٹیسٹس کے باعث ناممکن ہے۔

سستے اور معیاری نظام تشخیص کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایکسل لیب کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد نے کہا ’’ 75 فیصد سے زائد پاکستانی اپنی طبی ضروریات بشمول تشخیصی جانچ کے لئے صحت سے متعلق نجی اداروں پر انحصار کرتے ہیں۔ درست،  تیز اور اعلیٰ معیار کے تشخیصی ٹیسٹ بیماری کا پتہ لگانے، نگہداشت کی تیز تر فراہمی، معاشرے کی صحت کو بہتر بنانے اور جان بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔‘‘

اس مسئلے سے نمٹنے کے لئےIPAQT نے چغتائی لیب  اور ایکسل لیبز کے ساتھ شراکت داری کی ہے جو ڈبیلو ایچ اوسے منظور شدہ MTB/RIF GeneXpert ٹیسٹنگ کو پورے پاکستان میں کم قیمتوں پرفراہم کریں گے۔ مریض دیگر لیبارٹیریوں میں6,400 اور اس سے زائد کی ادائیگی کے بجائے چغتائی لیب اور ایکسل لیب کی تمام برانچوں میں 3500 روپے سے لے کر 4000 روپے تک میں MTB/RIF GeneXpert ٹیسٹ کراسکتے ہیں۔ GeneXpert ٹی بی ٹیسٹ ایک انتہائی درست اور تیز ترین تشخیصی ٹیسٹ ہے جو 2 گھنٹے سے کم عرصے میں ٹی بی بیکٹیریا کی موجودگی کے ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم کرسکتا ہے کہ مریض کے اندر ٹی بی کی ادویات کے خلاف مزاحمت یعنی ڈرگ رسسٹنس ہے یا نہیں اس کے برعکس روایتی ٹیسٹس کرانے میں لمبا عرصہ درکار ہوتا ہے جس کی وجہ سے تشخیص اور علاج میں تاخیر ہوجاتی ہے۔

IPAQT کے الائنس اور اس کے وژن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پروجیکٹ منیجرIPAQT کاشف امین نے کہا ’’اس الائنس کی وجہ سے نجی شعبے میں معالجین کو اب اپنے مریضوں کے لئے معیاری اور ڈبلیو ایچ او کے منظور شدہ ٹیسٹ تجویز کرنے کا موقع میسر آیا ہے۔‘‘

ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے جو معاشرے کے سب سے کمزور طبقے پر حملہ کرتا ہے اور بہت سے خاندانوں کے مالی بوجھ میں اضافہ کرتا ہے۔ GeneXpert ٹی بی کی جانچ اور علاج تک رسائی کا ایک سستا ذریعہ ہے۔ IPAQT نجی تجربہ گاہوں کی صلاحیت میں اضافہ کررہی ہے تاکہ وہ اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی سہولیات پیش کرسکیں‘معالجین معیاری مریضوں کو ٹی بی ٹیسٹنگ تجویز کرسکیں اور ہر طرح کے مریضوں تک معیاری ٹی بی کی تشخیص کو ممکن بنایا جاسکے۔

مریضوں کے لئے معیاری صحت کی فراہمی کی افادیت پر بات کرتے ہوئے چغتائی لیب کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عمر چغتائی نے کہا ’’ہمارا مشن اپنے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کرنا ہے۔ IPAQT کے اشتراک سے ہم اپنے ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے مریضوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کے لئے کم شرح پر GeneXpert ٹیسٹ کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ جو لوگ پہلے معاشی مسائل کی وجہ سے ٹیسٹ نہیں کراسکتے تھے وہ اب معاشی مسائل میں اُلجھے بغیر تشخیص کراسکیں۔‘‘

IPAQT کے حوالے سے مزید معلومات کے حصول کے لئے قریبی چغتائی لیب اور ایکسل لیب سینٹرز سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ملک بھر میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ تک صحت کی سہولیات پہنچانے کے نجی نظام کو مستحکم کرنے کیلئےIPAQT کے اقدام اور وژن کی حمایت کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔

تازہ ترین