لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک اوباش نوجوان نے غیر ملکی خاتون سے چھیڑ چھاڑ کی اور اس کی رہائش گاہ تک پیچھا بھی کیا، جسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہراسگی کا شکار ہونے والی نائجیرین خاتون گرین ٹاؤن میں فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہے، اوباش نوجوان نے اُس پر آوازے کسیں اور دبوچنے کی کوشش کی۔
خاتون اسے باتوں میں لگا کر اپنے گھر تک لے آئی اور خود اندر چلی گئی، ملزم ڈھیٹ نکلا اور خاتون کے گھر کی گھنٹی بجاتا رہا۔ خاتون کی بجائے اس کا شوہر باہر نکلا تو اوباش نے دوڑ لگا دی۔
نائجیرین خاتون کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزم کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی، ٹیم نے سیف سٹیز اور سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حراست میں ملزم ’آئی ایم سوری‘ کی رَٹ لگاتا رہا۔
ملزم کی بروقت گرفتاری پر غیر ملکی خاتون نے پولیس اور پاکستانی قوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔