چارسدہ (نمائندہ جنگ) محمود خان اچکزئی نے حکومت سے مذاکرات کی مشروط پیشکش کر دی ، اچکزئی کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کی ایک ہی شرط ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست سے وابستگی ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کرے۔
نواز شریف کا بیانیہ قائد اعظم کا بیانیہ ہے ۔ وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ 70سال سے اسٹیبلشمنٹ قائد اعظم کے بیانیہ سے روگردانی کر رہی ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ کون کون سیاست میں حصہ نہیں لے سکتا، جو ہمارے بچوں کو مارے گا وہ ہمارا دشمن ہے۔
ہمیں پاکستان میں دوسرے درجے کا شہری بننا قبول نہیں، پی ڈی ایم پاکستان بچانے کی تحریک ہے ، آئین کو توڑنے والا اور ساتھ دینے والا دونوں غدار ہیں۔
طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہے مگر پارلیمنٹ کو ڈکٹیٹ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ کو بھر پور اختیارات ملنے چاہئے۔
مہنگائی کی طوفان نے غریب عوام کا جینا محال کر رکھا ہے ، پرائمری تک نصاب تعلیم کو مادری زبان میں رکھا جائے۔