• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ کیا ہے فیکٹریاں بند نہیں کریں گے، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دو ہفتے میں یومیہ اموات 50 تک پہنچ گئی ہیں، پاکستان کی معیشت برصغیر میں سب سے تیزی سے بحال ہوئی ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فیکٹریاں بند نہیں کریں گے، دہاڑی دار طبقے کو بے روزگار نہیں کرسکتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس پر احتیاط نہ کی تو پاکستان کے معاشی حالات بگڑ سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ علماء نے حکومت سے تعاون کیا، مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا گیا، کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے سے اسپتال کے عملے پر دباؤ بڑھ سکتاہے۔

عمران خان نے کہا کہ ماسک پہنیں، یہ سب سے آسان احتیاط ہے، کورونا سے بچاتے بچاتے لوگوں کو بھوک سے نہیں مار سکتے، لوگ قریب جمع ہوتے ہیں تو کورونا تیزی سے پھیلتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے جلسے بھی ختم کر دیئے ہیں، اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، جلسوں سے کچھ نہیں ہونا۔

انہوں نے کہا کہ راوی پروجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ پروجیکٹ بہت ضروری ہیں، کراچی پھیلتا جا رہا ہے، کچرا اٹھ سکتا ہے نہ سیوریج کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے، جبکہ لاہور کا پانی بہت نیچے چلا گیا ہے، بیس سال میں لاہور کے درخت 70 فیصد کم ہوگئے ہیں، لاہور کی ساری گندگی راوی میں جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ راوی پروجیکٹ کا مقصد لاہور کو بچانا ہے، بنڈل پروجیکٹ کا مقصد کراچی کو بچانا ہے، راوی پروجیکٹ سے پانی بچے گا، لاہور کا زیر زمین پانی اوپر آئے گا، راوی پروجیکٹ میں 60 لاکھ درخت اگائے جائیں گے۔


وزیر اعظم نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ پروجیکٹ کے تحت تیمر کے جنگلات بچائیں گے، بنڈل آئی لینڈ تیمر کے جنگلات، کراچی کو بچانے کا پروجیکٹ ہے، راوی پروجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ پروجیکٹ سے ڈالر پاکستان آئیں گے، ان پروجیکٹ سے روزگار ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا نے امن سے متعلق ہمارا مثبت کردار مانا، آج کوئی ہمیں ڈومور نہیں کہہ رہا۔

تازہ ترین