• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دروازے کھول دیئے گئے، پاکستانی کرکٹرز کو چہل قدمی، ہلکی ٹریننگ کی اجازت

کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) بائیو سیکیور قوانین کی پاسداری کے باعث نیوزی لینڈ کے شہر لنکن پہنچنے کے چند گھنٹے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے ہوٹل کےدروازے کھول دیے گئے۔ کھلاڑیوں کو ہوٹل سے متصل پارک میں چہل قدمی اور ہلکی ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔ کھلاڑی جو ابتدا میں پریشان تھے اب اس نرمی کے بعد ریلکس محسوس کر رہے ہیں تاہم کمرے میں وہ زیادہ وقت ٹی وی دیکھ کر، انٹرنیٹ پر سوشل سائٹس دیکھ کر یا فون پر گذارتے ہیں۔ منتظمین نے انہیں ہوٹل یا پارک میں فلم بندی سے روک دیا ہے۔ سماجی فاصلوں اور ماسک کا استعمال لازمی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ میں اپنی 14روزہ قرنطینہ کی مدت گزارنے میں مصروف پاکستان ٹیم کو ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی کی اجازت مل گئی ہے۔ تمام اراکین 2 میٹر پر مشتمل سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپ کر گراؤنڈ میں جاسکتے ہیں۔ اس سے قبل قومی اسکواڈ کو ابتدائی تین روز کرائسٹ چرچ کے مقامی ہوٹل میں مکمل آئسولیشن یعنی اپنے کمروں تک محدود کیا گیا تھا، پاکستان ٹیم کے لئے ہوٹل میں خصوصی حلال کھانے کا انتظام ہے اگر کسی رکن کو جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ ہوٹل کے استقبالیے پر فون کرتا ہے ۔ نیوزی لینڈ پہنچے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کا الگ ببل ، گروپ کے مطابق ٹریننگ اور موومنٹ ہوگی ، ابتدائی چودہ روز کھلاڑی اپنے گروپ کے ببل میں رہیں گے۔ قرنطینہ کے دوران کھلاڑی کو جس ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے اس کے کمرے ہٹ کی طرح ہیں۔ ہوٹل میں پلیئرز علیحدہ بلاکس میں مقیم ہیں۔ عابد علی، شان مسعود، فواد عالم، یاسر شاہ ، حارث سہیل ، نسیم شاہ ، اظہر علی، محمد عباس ، امام الحق گروپ ون میں شامل ہیں۔ بیٹنگ کوچ یونس خان، ٹرینر یاسر ملک، ڈاکٹر حافظ نعیم اور میڈیا مینجر ابراہیم بادیس بھی گروپ ون کا حصہ ہیں۔ کرکٹرز عبداللہ شفیق، ذیشان ملک، عمران بٹ، سہیل خان، عماد بٹ، دانش عزیز ، روحیل نذیر ظفر گوہر شاہین کے کوچ اعجاز احمد ، مساجر عمران، اینالسٹ عثمان ہاشمی، ٹرینر صبور احمد اور شاہین کے بولنگ کوچ راو افتخار گروپ ٹو کا حصہ ہیں۔ افتخار احمد ، سرفراز احمد، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، عثمان قادر، فہیم اشرف ، حیدر علی،بولنگ کوچ وقار یونس، فزیو کلیف ڈیکون، مینجر عثمان رانا ، سیکیورٹی مینجر کرنل عثمان اور فیلڈنگ کوچ عبدالمجید بھی گروپ تھری کا حصہ ہیں۔ گروپ فور میں بابر اعظم، شاداب خان، وہاب ریاض، حارث رؤف، موسی خان ، محمد رضوان ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ہیڈ کوچ مصباح الحق ، شاہد اسلم ، ڈاکٹر سہیل سلیم، اینالسٹ طلحہ اعجاز اور مساجر ملنگ بھی گروپ فور میں شامل ہیں۔ 

تازہ ترین