• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں وکیل کے کورونا زدہ ہونے پر کھلبلی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کورونا وائرس سے متاثرہ وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان نے ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں پیش ہوکر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچادی ،تاہم عدالت نے انہیں اپنے دلائل تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کیساتھ فوری طور پر عدالت چھوڑ دینے کا حکم جاری کردیا ،چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ بدھ کے روز ایک مقدمہ کی سماعت کررہا تھا کہ بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان پیش ہوئے اور کہاکہ مجھے کورونا ہے لیکن آپکی عدالت میں پیش ہو رہا ہوں،جس پر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی، چیف جسٹس نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایسی حالت میں عدالت میں کیوں آئے ہیں؟ آپ دوسروں کی زندگیوں سے کیوں کھیل رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میں نے تین یوم قبل کورونا وائرس کے سبب اپنا کیس ملتوی کرنے کی درخواست ایک عدالت میں بھجوائی تھی لیکن عدالت نے میری درخواست منظور کرنے کی بجائے میرا کیس ہی خارج کر دیاتھا ، آج آپکی عدالت میں ہائر یجوکیشن کے لیکچررز کااہم کیس لگا ہوا تھا اس لیے آ گیا ہوں، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ بعد میں اپنے دلائل تحریری طور پر جمع کروا دیں اور فورا کمرہ عدالت سے چلے جائیں،جس پر فاضل وکیل کمرہ عدالت چھوڑ کر چلے گئے۔

تازہ ترین