• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیلوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کمشنر

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ کھیلوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی ویژن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں گلوبل ایکٹیو سیٹیز پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ایسا کلچر متعارف کروایا جائے جس سے معاشرے میں صحتمند طرز زندگی کو فروغ ملے۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی ضلع میں گلوبل ایکٹیو سیٹیز پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہی۔اس موقع پر سابق کرکٹر شعیب ملک اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری سمیت کمشنر آفس ملازمین اور دیگر نے بھی ورزش سیشن میں حصہ لیا۔کمشنر نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو مزید بہتر اور انہیں مزید سہولیات سے مزین کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ایکٹیو سٹیز پراجیکٹ کے تحت سائیکلنگ کو فروغ دیا جائیگا۔ کمشنر آفس میں ہفتہ میں دو دن جسمانی فٹنس کے سیشن منعقد کئے جائیں گے۔قبل ازیں کمشنر نے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ 15منٹ کے ورزش کے سیشن میں حصہ لیا۔ راولپنڈی میں گلوبل ایکٹیو سیٹیز پاکستان منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےذوالفقار بخاری نے کہا کہ گلوبل ایکٹیو سیٹیز پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں سپورٹس کو فروغ دیا جائیگا اور عوام کو صحتمند زندگی کی طرف ترغیب دی جائے گی۔ شعیب اختر نے کہا کہ وہ پہلے ڈھوک کالا خان سے پیدل کچہری چوک آیا کرتے تھے اور جب کسی قدر حالات میں بہتری آئی تو وہ سائیکل پر سواری کرتے تھے اور یہی وہ جسمانی مشقت ہے جو عمر بھر کام آ رہی ہے۔
تازہ ترین