• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ملتان کا قاسم اسٹیڈیم گذشتہ رات میدان جنگ بن گیا، پولیس اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنوں میں تصادم ہوا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے  لاٹھی چارج کیا گیا۔

 گزشتہ رات پولیس اور پی ڈی ایم کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ، اس دوران ملتان پولیس کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے 30 سے زائد کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار جبکہ پیپلز پارٹی کے 370 سے زائد افراد کے خلاف تھانا لوہاری گیٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کمشنر ملتان کے مطابق کوروناوائرس  ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے والوں پرمقدمات درج کیےگئے ہیں، جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

ملتان کے قاسم اسٹیڈیم کے داخلی راستے پر دوبارہ کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے اور پی ڈی ایم کے کارکنان اسٹیڈیم سے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب ملتان میں پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ سے کیٹرنگ والے صبح ہوتے ہی شامیانے اور کرسیاں واپس لے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم کی جانب سے آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج متوقع ہے۔


اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے جیالے قاسم اسٹیڈیم کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے تھے اور انہوں نے کنٹینر ہٹا دیئے تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو ملتان جلسے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

تازہ ترین