گوجرانوالہ میں اینٹی کرپشن اور پولیس نے مسلم نون لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا جس کی فوٹیج ’جیو نیوز‘ کو مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ اینٹی کرپشن نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ رات گئے سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسلم نون لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ اور ان کے بھائی سٹی صدر نون لیگ سلمان خالد بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران پولیس اہلکار دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئے جبکہ تلاشی کے دوران گھر میں موجود خواتین سے تلخ کلامی بھی کی۔
ذرائع کے مطابق چھاپہ دونوں بھائیوں کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا لیکن گھر پر موجود نہ ہونے پر تلاشی لینے کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیم واپس چلی گئی۔
’جیو نیوز‘ کو موصول ہونے والی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو مسلم نون لیگ کے ایم پی اے کے گھر میں کمروں کی تلاشی لیتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ خواتین کو مزاحمت کرتے اور ٹوٹے ہوئے دروازے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خالد بٹ کا کہنا ہے کہ لیڈی پولیس کے بغیر رات گئے گھر میں گھسنا سیاسی انتقام کی بدترین مثال اور غنڈہ گردی ہے۔