• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم پشاور جلسے کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج

خیبر پختون خوا حکومت نے پی ڈی ایم پشاور جلسہ کے منتظمین خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کے ضلعی صدور اور ذمہ داروں کے خلاف درج کیا گیا۔

پی ڈی ایم قیادت کے خلاف ایف آئی آر تھانہ پہاڑی پورہ میں اے پی ڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کے تحت کاٹی گئی۔


ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود جلسہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے پشاور میں کورونا کیسز میں شدت آنے کا ذمے دار اپوزیشن اتحاد کے جلسے کو قرار دیدیا۔

ترجمان خیبر پختون خوا حکومت کامران بنگش نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں شدت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور جلسے کے اسٹیج پر بیٹھے پی ڈی ایم رہنما بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

کامران بنگش نے مزید کہا کہ اس معاملے پر 5 افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔

خیبر پختون خوا حکومت کے ترجمان نے اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ ملتان سمیت دیگر شہروں میں کورونا پھیلانے کے بجائے اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پشاور جلسے کی اجازت اسی وجہ سے نہیں دی تھی کہ ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ تھا۔

تازہ ترین