• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن پاک افغان بارڈر، تاجروں اور سیکورٹی اہلکاروں میں کشیدگی، دفتر کو آگ، فائرنگ سے ایک جاں بحق

چمن(نامہ نگار) پاک افغان بارڈر باب دوستی پرمقامی تاجروں اورسیکورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں اہلکاروں کی فائرنگ سے 14سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے، بلوائیوں نے بارڈر سیکورٹی دفاتر جلا دئیے، شہر میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ 

لیویز حکام کے مطابق اتوار کی شام کو افغانستان سے چمن پیدل آنے والے تاجروں سے دستی سامان پکڑنے اور دیگر نامعلوم وجوہات کی بناء پر مقامی تاجروں نے احتجاج کیا اس دوران انہیں منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 شہری زخمی ہوئے، جنہیں مقامی لوگوں نے سول اسپتال چمن منتقل کیا جہاں ایک 14 سالہ لڑکا مطیع اللہ ولد خان محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوا۔ 

اس صورتحال پر باب دوستی پر موجود تاجر اور لغڑی مزیدمشتعل ہوگئے اور بلوائیوں نے باب دوستی پر پتھرائو کیا اسی دوران بلوائیوں نے ایف آئی اے کا سب آفس سمیت این ایل سی کے گودام کو آگ لگا دی۔

صورتحال مزید خراب ہونے بچانے کےلئے سیکورٹی فورسز نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کرتے ہوئے بلوائیوں کو شہر کی طرف دھکیل دیا، جہاں انہوں نے پاک افغان بارڈر روڈ پر دھرنا دے دیا۔

پاک افغان بارڈر اور شہر میں صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق جاوید مینگل نے لیویز، پولیس، ایف سی کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔

تازہ ترین