آپ آف لائن ہیں
منگل12؍جمادی الثانی 1442ھ 26؍جنوری 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

ثناء خان اور اُن کے شوہر نے آیت الکُرسی کیوں پڑھی؟

حال ہی میں ر شتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان اور اُن کے شوہر نے ایک دوسرے کو بُری نظر سے بچانے کے لیے آیت الکُرسی کا ورد کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ثناء خان نے میاں بیوی کے حسین رشتے کو بیان کرتی ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ اور اُن کے شوہر مفتی انس ایک دوسرے کو نظرِ بد سے محفوظ رکھنے کے لیے آیت الکُرسی کا ورد کر رہے ہیں۔


ثناء خان نے انسٹاگرام پر اس خوبصورت ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’آیت الکُرسی کا ورد جو عرش تک جاتا ہے۔‘

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’خود کو اور اپنے پیاروں کو نظرِ بد سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر نماز کے بعد اور گھر سے باہر جانے سے پہلے آیت الکُرسی لازمی پڑھیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب آپ کام پر جارہے ہوں تو اپنی شریک حیات کے ساتھ ملکر آیت الکُرسی کی تلاوت لازمی کریں۔‘

ثناء خان کی محبت بھری پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مفتی انس نے کمنٹ سیکشن میں دل والے ایموجیز بنائے۔

شوہر کے ردعمل کا جواب دیتے ہوئے ثناء خان نے اُنہیں اپنی زندگی قرار دیا۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ دنوں ہی بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کی ہے۔

اس موقع پر ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر مفتی انس کے ہمراہ شادی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ہم اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور اللّٰہ کی رضا کے لیے ہی ہم نے ایک دوسرے سے شادی کی ہے۔‘

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔

ثناء خان کی مشہور بالی وڈ فلموں میں جے ہو، وجہ تم ہو، ممبےٹو گوا، ہلّا بول اور ٹوائلٹ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید