• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی ثناء خان نے شادی کرلی

گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کی ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سنسنی خیز ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نےاپنی زندگی کے سب سے بڑے موقع پر حجاب کے ساتھ سفید رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ اُن کے شوہر مفتی انس بھی ٹوپی کے ساتھ سفید قیمض شلوار میں ملبوس ہیں۔


وائرل ہونے والی ویڈیو میں ثناء خان اپنے شوہر کے ہمراہ سیڑھیوں سے اُتر کر نیچے آتی ہیں اور پھر اپنی فیملی کے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر شادی کا کیک کاٹتی دیکھی گئی ہیں۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ثناء خان اور مفتی انس کی شادی کے کیک پر ’نکاح مبارک‘بھی لکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب ابھی تک ثناء خان کی جانب سے اُن کی شادی سے متعلق کسی قسم کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012 کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سےاُنہیں شہرت ملی تھی۔

ثناء خان کی مشہور بالی وڈ فلموں میں جے ہو، وجہ تم ہو، ممبےٹو گوا، ہلّا بول اور ٹوائلٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین